Sunday 8 December 2013

کرپشن کاخاتمہ چاہتا ہوں اور پٹواریوں کے نہیں پٹواری مافیا کے خلاف ہوں، شہباز شریف


کرپشن کاخاتمہ چاہتا ہوں اور پٹواریوں کے نہیں پٹواری مافیا کے خلاف ہوں، شہباز شریف







2013-12-08 T 08:24:52 GMT

لاہور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آج پاکستانی پاسپورٹ کو دنیا بھر میں حقارت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جس کے ذمہ دار کوئی اور نہیں ہم ہی ہیں اور موجودہ نظام میں فرشتہ صفت انسان کو بھی لایا جائے تو اس پر بھی برا اثرپڑے گا۔ لاہور میں والٹن روڈ پر لینڈ ریکارڈ پراجیکٹ سینٹر کی افتتاحی تقریب میں خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آج پاکستانی پاسپورٹ کو دنیا بھر میں حقارت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جس کے ذمہ دار کوئی اور نہیں ہم ہی ہیں، وہ وقت جلد ہی آئے گا جب سبز پاسپورٹ کی ایک بار پھرعزت و تکریم ہوگی لیکن جرنیل ،جج، میڈیا اور عام آدمی سب کو مل کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنا ہوگا۔ میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ کرپشن کاخاتمہ چاہتے ہیں، موجودہ نظام میں فرشتہ صفت انسان کو بھی لایا جائے تو اس پر بھی اثرپڑے گا، پٹواریوں کے خلاف ہونے کی باتیں ان سے منسوب کی گئیں،وہ پٹواری کے نہیں پٹواری مافیا کے خلاف ہیں اور اس مافیا کی کرپشن کا خاتمہ کرنا ضروری ہے، اس لئے گزشتہ 6 برسوں کے دوران کئی سمریاں آئیں لیکن انہوں نے ایک بھی پٹواری بھرتی کرنے کی منظوری نہیں دی۔ پٹواری تحصیلدار کے مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنے کے لئے ہم نے تحصیلدار کو ڈائریکٹر لینڈ کا نام دیا ہے اور 2014 میں پنجاب کے تمام اضلاع کا لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہوجائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ کوئی بھی نظام طاقت کے استعمال سے درست نہیں کیا جاسکتا اس کے لئے درست سمت کا تعین ضروری ہے،میٹروبس کو جنگلہ بس کہنے والے دیکھ لیں آج روزانہ ایک لاکھ پچاس ہزار افراد اسی میٹروبس کے ذریعے سفر کرتے ہیں۔ اسی طرح ملک میں جاری توانائی کا بحران بھی ختم کیا جائے گا اس سلسلے میں امید ہے کہ اپریل یا مئی میں نندی پور پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی۔

News Source: Express News